پاکستان گزشتہ ایک دہائی سے مختلف ناگہانی آفات اور حادثات کا شکار ہے۔2005 کا زلزلہ ہویا2010میں آنے والا سیلاب،تھرپارکر میں قحط کی صورتحال ہو یا آئی ڈی پیز کی بڑے پیمانے پر نقل مکانی۔ ان سانحات اور حادثات نے جہاں ہزاروں لوگوں کی جان لی وہیں لاکھوں افراد بے گھر بھی ہوگئے۔ کہیں فصلیں تباہ ہوگئیں تو کہیں کاروبار نہ رہے۔

ریسکیو

کسی بھی ناگہانی آفت کی صورت میں بروقت اور فوری ریسپانس الخدمت فاؤنڈیشن کی اولین ترجیح رہی ہے۔الخدمت کے رضاکار ایسی کسی بھی صورتحال میں فوری جائے حادثہ پرپہنچ کر ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کا آغاز کردیتے ہیں۔ زخمیوں کو فوری ہسپتال پہنچانا اورلاشوں کوجائے حادثہ سے اٹھا کر ہسپتال یا ان کے آبائی علاقوں تک پہنچانے کا کام بھی الخدمت کے رضاکارسرانجام دیتے ہیں۔

ریلیف

کسی بھی ناگہانی آفت کے بعد سب سے اہم مرحلہ ریلیف سرگرمیوں کا ہوتا ہے۔اس ضمن میں الخدمت فاؤنڈیشن اپنے برادر رفاعی اداروں اور ڈونرزکے تعاون سے متاثرین میں فوڈ پیکجز کی تقسیم، پینے کا صاف پانی، کپڑے، سلیپنگ بیگز، ادویات اور دیگر ضروریاتِ زندگی کی اشیا کی فوری فراہمی کا اہتمام کرتی ہے۔

تعمیر و بحالی

الخدمت فاؤنڈیشن ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے ذریعے متاثرین کی مدد کے علاوہ تعمیرِ نو کے کاموں کے ذریعے متاثرین کی بحالی میں بھرپور حصہ لیتی ہے اس مقصد کے تحت گھروں ، مساجد اور سکولوں کی تعمیرِ نو کا کام عمل میں لایا جاتا ہے۔

رضاکاران کی تربیت

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان میں رضاکاروں کا سب سے بڑا نیٹ ورک ہے ۔کسی بھی ناگہانی آفت کی صورت میں ہر جگہ ہر طرح کے حالات میں الخدمت کے رضاکاران خدمتِ خلق میں پیش پیش نظر آتے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن تجربہ کار ٹرینرز کی زیرِ نگرانی ان رضاکاران کی ریسکیو ٹریننگ کا خصوصی اہتمام کرتی ہے۔ اس حوالے سے خیبر پختونخوا (چارسدہ اورپشاور)، پنجاب ( راولپنڈی، ملتان، لیہ) اور سندھ ( ٹھٹھہ) میں ٹریننگ سیشنز کا اہتمام کیا جا چکا ہے۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ سنٹر

پاکستان میں حالیہ اور مسلسل آنے والی قدرتی آفات کے پیشِ نظر ضروری تھا کہ ایک ایسے مرکز کا قیام عمل میں لایا جائے جہاں سے ملک بھر میں ہونے والی ریسکیو،ریلیف اور تعمیرِ نو کی سرگرمیوں کی نگرانی کی جائے اور اس سارے کام کو مزید موثر اور مربوط بنایا جاسکے۔اس مقصد کے تحت راولپنڈی میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں سے ملک بھر میں ہونے والے ریسکیو سرگرمیوں کو جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم تحت مانیٹر اور کنٹرول کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اس سنٹر میں ملک بھر سے الخدمت کے ذمہ داران اور رضاکاران کے لئے ٹریننگ سیشنز کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔