تعلیم ہی وہ واحد ذریعہ ہے جس کے ذریعے سے ہم معاشرے کے ہر شہری کو اس کا مقام دے سکتے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان تعلیم کے میدان میں پیش پیش ہےاور ملک بھر کے غریب اور مستحق بچوں کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کوشاں ہے۔الخدمت کے شعبہ تعلیم کے تحت تعلیم و وظائف کے ساتھ ساتھ غریب و نادار طلبہ میں اسٹیشنری، سکول بیگ اور یونیفارم کی تقسیم جاری ہے۔جبکہ الخدمت ہاسٹلز اور تعمیرِ ملت اسکولز حصول علم میں آسانیاں پیدا کرتے ہوئے معاشرے میں نئی روایات پیدا کررہے ہیں۔

الفلاح سکالرشپ اسکیم

الخدمت فاؤنڈیشن نے ذہین اور مستحق طلبہ و طالبات کے لئے الفلاح اسکالر شپ پروگرام کا آغاز کیا ہے تاکہ ان کی غریبی اعلیٰ تعلیم کے حصول میں رکاوٹ نہ بن سکے۔

اسکولز

تعلیم کو عام کرنے کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن اسکولز کا قیام عمل میں لارہی ہے جہاں بچوں کو تمام تعلیم سہولیات سے آراستہ بہترین ماحول مہیا کیا جارہا ہے۔ غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ، بیٹھک سکول سسٹم اور ریڈ فاؤنڈیشن آزاد کشمیراس کاوش کی جیتی جاگتی مثالیں ہیں۔ الخد مت ملک بھر میں چاہے وہ شہرہوں یا دیہات،اسکولز کے نیٹ ورک کو منظم کرنے میں کوشاں ہے۔

ہاسٹلز

دوردراز سے شہروں میں تعلیم کے حصول کے لیے آنے والے طلبہ و طالبات کے لئے رہائش ایک اہم مسئلہ ہوتی ہے۔ الخدمت ہاسٹلز کا قیام عمل میں لارہی ہے جہاں رہائش کے ساتھ پرسکون ماحول بھی مہیا کیا جارہا ہے تاکہ طلبہ احسن طریقے سے ایک اچھے ماحول میں اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔تمام ہاسٹلز میں کومن رومز اور لائبریری کی سہولت بھی موجود ہے۔

چائلڈ پروٹیکشن سینٹرز

سڑکوں اور گلی کوچوں میں کوڑا اٹھاتے اور محنت مزدوری کرتے مستقبل کے ننھے معماروں کے لئے چائلڈ پروٹیکشن سینٹرز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں رسمی اورغیر رسمی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی تربیت کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے۔ تاکہ یہ بچے زندگی کی دوڑ میں دوسروں سے پیچھے نہ رہ جائیں۔

تعلیمی سامان کی معاونت

پاکستان میں ایک تہائی طبقہ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے جو کہ اپنے بچوں کی بنیادی تعلیمی ضروریات پوری کرنے کے بھی قابل نہیں ہے۔ الخدمت ایسے تمام بچوں کو تعلیمی معاونت کے ساتھ ساتھ یونیفارم، بیگز، کتابیں، جوتے اور سٹیشنری وغیرہ مہیا کرنے کا بھی اہتمام کرتی ہے۔