معاشروں میں کمزور کا استحصال ایک عام سی بات ہوکر رہ گئی ہے۔حقوق سے محروم لوگوں کو زندگی کے بنیادی حققوق کا احساس دلانا اور پھر انھیں یہ حقوق فراہم کرنا اس لئے ضروری ہے کہ اگر یہ نہ کیا جائےمعاشرہ عدم استحکام اور انتشار کا شکار ہوجاتا ہے. یہ ممکن نہیں کہ معاشرے کا ایک طبقہ  تو  خوشی اور شادمانی کے موقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھائے جبکہ دوسرا طبقہ کمزوری اور بے بسی کی چکی میں پستا رہ جائے۔ الخدمت فاؤنڈیشن اس شعبے کے تحت پاکستان بھر میں بسنے والے کروڑوں کمزوروں،غربا، اور بے سہارا افراد کے لئے ایک وسیلہ نجات ہے۔

قیدیوں کی فلاح و بہبود

الخدمت فاؤنڈیشن ترجیحی بنیادوں پر اسیران کی صحت اور فلاح و بہبود کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ جیلوں میں قید یہ افراد یہاں سے نکلنے کے بعدمعاشرے پر بوجھ بننے اور دوبارہ جرائم کی دنیا میں جانے کی بجائے ایک ذمہ دار شہری ثابت ہوسکیں۔ اس سلسلے میں اب تک غریب قیدیوں کی طرف سے دیت کی ادائیگی، ہائی جین کٹس کی تقسیم، میڈیکل کیمپس،جیلوں میں آپریشن تھیٹر کا قیام، تنوروں کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے۔

قربانی

قربانی ایک مالی عبادت ہے اور ہر صاحبِ نصاب مردوزن پر فرض ہے۔قربانی پراجیکٹ الخدمت فاؤنڈیشن کی سماجی خدمات کا ایک اہم حصہ ہے۔جس کے تحت ہر سال مصیبت زدہ اور دور دراز پسماندہ علاقوں میں قربانی فی سبیل اللہ کا اہتمام ہوتا ہے۔ قربانی کا اہتمام جدید سلاٹر ہاؤسز میں کیا جاتا ہےجہاں قربانی، گوشت کی کٹائی اور پیکنگ کا کام ہائی جینک ماحول میں تجربہ کار عملے کی زیرِ نگرانی سرانجام دیا جاتا ہے۔ہمارےملک میں بہت بڑی تعداد ان افراد کی ہے جنھیں سال میں صرف عید الضحیٰ کے موقع پر گوشت کھانا نصیب ہوتا ہے۔ الخدمت انھی ضرورت مند ہم وطنوں تک مخیر حضرات کے  بھرپورتعاون سے قربانی کا گوشت پہنچانے کا اہتمام کرتی ہے۔

رمضان پیکجز

رمضان کے بابرکت مہنیے میں الخدمت فاونڈیشن فوڈ پیکجز کی تقسیم کا بھی اہتمام کرتی ہے تاکہ معاشرے کے محروم اورمستحق طبقے کو رمضان کی خوشیوں میں شریک کیا جاسکے۔ راشن پیکج آٹا، دالوں، چائے ، گھی، چینی اور مسالحہ جات پر مشتمل ہوتا ہے۔

فوڈ پیکجز

روز بروز بڑھتی مہنگائی سے سفید پوش طبقے کے لئے بنیادی ضروریات زندگی کا حصول مشکل ہوگیا ہے جس سے معاشرے میں بے چینی بڑھتی جارہی ہے۔سماجی خدمات پروگرام کے تحت ملک بھر میں مستحق اور نادار خاندانوں میں فوڈ پیکجز کی تقسیم کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

مساجد کی تعمیر

مخیر حضرات کے تعاون سےملک بھر کے دور دراز علاقوں میں مخدوش حال مساجد کی مرمت اور نئی مساجد کی تعمیر بھی الخدمت سماجی خدمات پروگرام کا حصہ ہے۔

وہیل چیئرز کی تقسیم

بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں کئی افراد وسائل نہ ہونے کی وجہ سے وہیل چیئرز خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتےاور معذوری کے باعث معاشرے سے کٹ جاتے ہیں لہذا سماجی خدمات پروگرام کے تحت ملک بھر کےمعذور مستحق افراد میں مفت وہیل چیئرز کی تقسیم کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔اس  کا مقصد ان کا احساس محرومی کم کرنا اور زندگی میں آگے بڑھنے  کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

اقلیتی امور

خوشیاں منانا ہر انسان کا بنیادی حق ہے ، الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں بلاتفریق رنگ و نسل اور مذہب خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ اسی ضرورت کے تحت ہرسال ملک میں بسنے والی اقلیتوں کے مذہبی تہواروں جیسے دیوالی اور کرسمس کے موقع پر خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہےجس میں نادار اور مستحق خاندانوں میں فوڈ اور ونٹر پیکجز تقسیم کئے جاتے ہیں تاکہ انھیں بھی خوشیوں میں شریک کیا جاسکے۔

ونٹر پیکجز

موسمِ سرما شروع ہوتےہی پاکستان کے شمالی علاقوں اور آزاد کشمیر میں جہاں شدید سردی پڑتی ہے سماجی پروگرام کے تحت  غریب اور مستحق خاندانوں میں ونٹر پیکجز تقسیم کئے جاتے ہیں۔جن میں گرم کپڑے، کمبل، بستر اور دوسری گھریلو استعمال کی اشیا شامل ہیں۔